Islamic Edu. [Short Qs.]

rبسم اللہ الرحمٰن الرحیم
باب اول
س:عقیدہ کے لغوی اور اصطلاحی معانی لکھیں؟ نیز بتا ئیں کہ عقیدہ کو کس مثال سے سمجھا جا سکتا ہے؟
ج:عقیدہ  " عقد " سےبنا ہے ،عقد کے معنی : "باندھنا "اور" گرہ لگانا" کے ہیں ، یوں عقیدہ کے لغوی معانی ہیں :" گرہ لگا ئی ہوئی" اور" باندھی ہوئی چیز"
اصطلاحی معانی:کسی انسان کے پختہ اور اٹل نظریات   اس کا عقیدہ کہلاتے ہیں۔
٭       عقیدہ کی مثال ایک بیج جیسی ہے اور عمل "بیج سے اگنے والے پودے کی مانند "ہے ۔
س: عقیدہ توحید کے کیا مراد ہے، لغوی اور اصطلاحی معانی لکھیں؟
ج: لغوی: ایک ماننا ، واحد ماننا اور یکتا جاننا
اصطلاحی: اللہ تعالیٰ کو اس کی ذات ، صفات اور صفات کے تقاضوں میں واحد اور لاشریک ماننا توحید کہلاتا ہے۔
س: عقیدہ توحید کے انسانی زندگی پر  چار اثرات لکھیں؟
ج:1۔عاجزی وانکساری 2۔عزت نفس  3۔وسعت نظر  4۔ استقامت وبہادری 5۔تقویٰ اور پرہیز گاری     6۔رجائیت اور اطمئنان قلب
س: شرک کا مفہوم قلم بند کریں؟
ج: لغوی معنی : برابری ،حصہ داری ، شراکت داری اور ساجھا پن
اصطلاحی معنی : "اللہ تعالیٰ کی ذات یا صفات یا صفات کے تقاضوں میں کسی اور کو اس کا حصہ دار اور ساجھی ٹھہرانا شرک کہلاتا ہے"
س: عقیدہ آخرت کے انسانی زندگی پر اثرات لکھیں؟
ج: 1۔ نیکی سے رغبت اور بدی سے نفرت 2۔بہادری اور سرفروشی 3۔صبر وتحمل 4۔مال خرچ کرنے کا جذبہ 5۔ احساس ذمہ داری
س: توحید اور شرک کی اقسام لکھیں؟
ج:توحید کی اقسام : 1۔ توحید فی الذات 2۔ توحید فی الصفات 3۔ توحید فی الافعال/صفات کے تقاضوں میں توحید
شرک کی اقسام : 1۔ شرک فی الذات 2۔ شرک فی الصفات 3۔ شرک فی الافعال /صفات کے تقاضوں میں شرک
س: توحید کی اہمیت اور شرک کی مذمت میں ایک ایک آیت (عربی متن اور ترجمہ)تحریر کریں؟
س: کلمہ طیبہ با اعراب تحریر کریں، اور ترجمہ بھی لکھیں؟
 ج:     لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ                 (اللہ کے علاوہ کوئی معبود نہیں ، محمد ﷺ اللہ کے رسول ہیں)
س: رسول کے لغوی اور اصطلاحی معانی لکھیں ؟
ج: لغوی : پیغام پہنچانے والا
اصطلاحی:" رسول سے مراد وہ عظیم ہستی  ہے جس کو اللہ تعالیٰ  اپنے احکامات اور تعلیمات ،  اپنے بندوں تک پہنچانے کے لئے منتخب فرمائیں"
س:انبیا کرام کی خصوصیات لکھیں؟ انبیا کرام کی تعداد کتنی ہے ؟
ج:1۔ بشریت(انیباء اور رسول انسانوں میں سےہی تھے) 2۔ امانت اور وہبیت 3۔ اللہ تعالیٰ کے احکامات کی تبلیغ 4۔ معصومیت(جن سے گناہ سرزد نہیں ہوتا)  5۔ واجب اطاعت (ان کی اطاعت کرنا ضروری ہوتا ہے )
٭   رسالت کے لغوی معانی "پیغام پہنچانا" کے ہیں ، پیغام پہنچانے والے کو " رسول  " کہا جاتا ہے ۔  نبی کے معانی : 1۔خبر دینے والا ۔2۔ بلند شان والاکے ہیں ۔
٭ رسول اور نبی میں فرق:      1۔ہر رسول لازمی طورپر نبی بھی ہوتا ہے جبکہ لازمی نہیں کہ ہر نبی ، رسول بھی ہو         
          2۔ رسول پر باقاعدہ طور پر ایک شریعت نازل ہوتی جبکہ نبی  صاحب شریعت نہیں ہوتا بلکہ وہ اپنے سے پہلے رسول کی تعلیمات کی تبلیغ اور پرچار کرتا ہے۔
س: رسالت محمدی ﷺ کی خصو صیات لکھیں؟
ج:1۔عمومیت 2۔پہلی  شریعتوں کا نسخ 3۔ کاملیت 4۔حفاظت کتاب 5۔ سنت نبوی ﷺ کی حفاظت 6۔ جامعیت 7 ۔ ہمہ گیری 8۔ ختم نبوت۔
س:رسول کی ضرورت کیوں ہوتی ہے ؟
ج:تا کہ : 1۔ رسول اللہ تعالیٰ کے پیغام کو واضح انداز میں لوگوں تک پہنچا دیں ۔2۔ اللہ تعالیٰ کے احکامات پر خود عمل کر کے عملی نمونہ پیش کریں ۔
س:منکرین آخرت کے شبہات اور ان کے جوابات لکھیں؟
ج:
شبہ نمبر 1:  وقالوا  ء اذا  ضللنا فی الارض ءانا لفی خلق جدید (سورۃ السجدۃ: 10)
ترجمہ: اور  انہوں نے کہا کہ : کیا جب ہم زمین  میں نیست ونابود ہو جائیں گے تو کیا ہمیں نیا جنم دیا جائے گا ؟؟؟؟
جواب: اللہ تعالیٰ نے اس بات کا جواب یوں دیا : آیت : وھو الذی یبد ؤا الخلق ثم یعیدہ  (سورۃ الروم: 27)
ترجمہ: جس ذات نے پہلی بار پیدا کیا وہی ذات دوبارہ پیدا کرے گی ۔
شبہ نمبر 2: منکرین آخرت کا ایک اعتراض یہ ہے کہ: من یحی العظام وھی رمیم (سورۃ یٰسین: 78)
ترجمہ: کون زندہ کرے گا ہڈیو ں کو  جب کہ وہ بوسیدہ  ہوچکی ہوں گیں ۔
جواب:  اللہ تعالیٰ نے اس بات کا جواب یہ دیا : آیت  : قل یحییھا الذی انشا ھا  اول مرۃ ( سورۃ یٰسین: 79)
ترجمہ: آپ کہ دیجیئے کہ ان کو وہی زندہ کرے گا جس نے ان کو پہلی بار بنایا ہے۔
شبہ نمبر 3: منکرین آخرت کا یہ اعتراض بھی ہے کہ: ان ھی الا حیاتنا  الدنیا وما نحن بمبعوثین (سورۃ الانعام : 29)
ترجمہ: ہمارے لئے یہ دنیا ہی کی زندگی ہے  اور   ہم  دوبارہ زندہ نہ ہوں گے۔
جواب: اللہ تعالی ٰ نے اس کا یہ جواب دیا ہے : 1۔آیت: کنتم امواتا فاحیاکم ، ثم یمیتکم ثم  یحییکم ثم الیہ ترجعون (سورۃ البقرۃ: 28)
ترجمہ: تم مردہ تھے ،پس تم کو زندہ کیا ۔ پھر وہ تم کو مارے گا پھر وہ تم کو زندہ کرے گا ،پھر تم اس کی لوٹائے  جاو گے۔
2۔ آیت: افحسبتم انما خلقنکم عبثا وانکم الینا لا ترجعون  (سورۃ المومنون:115)
ترجمہ: کیا  تم نے یہ سمجھ رکھا ہے کہ ہم نے تم کو  بے مقصد ہی  بنایا ہے اور  تم کو ہماری طرف نہ لوٹایا جائے گا ؟
س:  ظلم عظیم سے کیا مراد ہے ؟
ج: قرآن کریم میں شرک کو ظلم عظیم کہا گیا ہے
س:توحید کے بارے قرآنی آیت تحریر کریں؟
 ج: قل ھو اللہ احدOاللہ الصمد O لم یلد ولم یولد O ولم یکن لہ کفوا احدO
ترجمہ: (اے نبی ﷺ) کہ دیجیئے کہ اللہ ایک ہے ، اللہ بے نیاز ہے ، نہ تو اس نے کسی کو جنا ہے اور نہ ہی اس کو کسی نے جنا ہے ، اور نہ ہی کوئی اس کا ہم سر ہے۔
س:اسلام کے بنیادی عقائد کتنے ہیں اور کون کون سے ہیں؟
ج: اسلام کے بنیادی عقائد 5 ہیں : 1۔ اللہ تعالیٰ پر ایمان لانا 2۔ رسولوں پر ایمان لانا 3۔ فرشتوں پر ایمان لانا 4۔ الہامی کتب پر ایمان لانا 5۔ آخرت پر ایمان لانا
س: ملائکہ اور اٰلھۃ کا واحد کیا ہے ؟
ج:ملائکہ کا واحد  : ملک                          اور  الھۃ کا واحد: الٰہ ہے
س:وحی کے لغوی اور اصطلاحی معانی لکھیں؟                                           ج: لغوی: خفیہ اشارہ ، چپکے سے دل میں بات ڈال دینا
اصطلاحی:"وحی سے مراد اللہ تعالیٰ کا وہ خاص پیغام ہے جو انبیا کرام اور رسولوں پر فرشتہ کے ذریعے یا براہ راست نازل ہوتا رہا"،جیسے: قرآن مجید
س:نزول وحی کی مختلف صورتیں لکھیں؟
ج:۱۔اللہ تعالیٰ کا انبیا سے براہ راست کلام کرنا    ۲ ۔فرشتہ کے ذریعہ وحی    ۳۔دل میں القا کرنا   ۴۔فرشتے کا انسانی شکل میں آنا   ۵۔غیبی آواز    ۶۔انبیا کے خواب
س: فرشتوں پر ایمان لانے سے کیامراد ہے ؟ مشہور فرشتوں کے نام اور ان کی ذمہ داریاں لکھیں؟
ج: فرشتوں پر ایمان لانے سے مرادیہ ہے کہ : "فرشتے اللہ تعالیٰ کی نوری مخلوق ہیں جو ہر وقت اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور عبادت میں مصروف رہتے ہیں ، اور اللہ تعالیٰ نے کائنات کا نظام منظم انداز میں چلانے کے لئے مختلف فرشتو ںکی مختلف ذمہ داریاں لگا رکھی ہیں جن میں وہ ذرہ برابر بھی کوتاہی نہیں کرتے"
حضرت جبرائیل ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ انبیا کرام پر وحی لے کر نازل ہونا (یہ تمام فرشتوں کے سردار ہیں)
حضرت میکائیل۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بارش برسانا ، ہوائیں چلانا اور لوگوں کے لئے رزق کا بندوبست کرنا
حضرت عزرائیل ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ جاندارو ں  کی روحیں قبض کرنا ، ان کو ملک الموت (موت کا فرشتہ) بھی کہا جاتا ہے۔
حضرت اسرافیل ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یہ قیامت کے روز اللہ تعالیٰ کے حکم سے صور پھونکیں گے ۔(صور سے مراد ایک بلند اور خوف  ناک آواز ہے جو ساری کائنات میں سنائی  دی جائے گی)
 منکر اور نکیر ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ یہ دو فرشتے ہیں جو قبر میں سوال وجواب کرتے ہیں۔
کراما کاتبین۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ یہ دو فرشتے ہیں جوانسانوں کے دائیں اور بائیں کندھے پر موجود ہیں اور انسانوں کے اقوال و اعمال کو نوٹ کرنے میں مصروف ہیں۔
رضوان ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ یہ فرشتہ جنت کا منتظم ہے ۔
 مالک ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ یہ بڑا سخت مزاج فرشتہ ہے جو جہنم کا داروغہ (چوکیدار) ہے۔
س: دنیا اور آخرت کے لغوی معانی لکھیں؟ نیز عقیدہ آخرت کا مفہوم تحریر کریں؟
ج: دنیا کے معانی :  قریب کی چیز   ،    آخرت کے معانی  : بعد میں آنے والی چیز
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ عقیدہ آخرت کا اصطلاحی مفہوم: "انسان مرنے کے بعد ہمیشہ کے لئے فنا نہیں ہوتا بلکہ اس کی روح باقی رہتی ہے ، وقت آنے پے اللہ تعالیٰ اس کی روح کو دوبارہ جسم میں منتقل کرے گا ، اس کا حساب کتا ب ہو گا اور اس کو اس کے اچھے اعمال کی جزا (جنت) اور برے اعمال کی سزا(جہنم ) دی جائے گی۔"
س:عقیدہ ختم نبوت سے کیا مراد ہے ؟ ختم ، کے لغوی معانی لکھیں؟
ج:عقیدہ ختم نبوت سے مراد یہ ہے کہ "انبیا کا جو سلسلہ حضرت آدم سے شروع ہوا تھا وہ حضرت محمد ﷺ پر ختم ہو گیا ، آپ ﷺ اللہ تعالیٰ کے آخری نبی اور رسول ہیں  اور آپ ﷺ کے بعد کوئی سچا نبی اور رسول نہیں آ سکتا" (اسی وجہ سے آپﷺ کو خاتم النبین  کہا جاتاہے)۔ (ختم کے لغوی معانی : مہر لگانے  ،بند کرنےکے ہیں)
س: ختم نبوت کے بارے قرآن کی آیت اور نبی مکرم ﷺ کی حدیث ؟
ج: آیت : ما کان محمد ابا احد من رجالکم ولکن رسول اللہ و خاتم النبیین (سورۃ الاحزاب: 40)
 ترجمہ: محمد ﷺ تم مردوں میں سے کسی کے والد نہیں ہیں  اور ہاں وہ اللہ تعالیٰ کے رسول ہیں اور نبیوں میں سے آخری نبی ہیں ۔
حدیث: انا خاتم النبیین ، لا نبی بعدی (الحدیث) ترجمہ: میں آخری نبی ہوں ، میرے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا۔
س:قرآن کریم اور سابقہ آسمانی کتب کی تین مشترکہ تعلیمات کا تذکرہ کریں؟
ج: ۱۔توحید                  ۲۔ رسالت                                             ۳۔آخرت
س: کن دو پیغمبروں پر صحیفے نازل ہوئے ؟
ج:۱۔حضرت ابراہیم علیہ السلام                    2۔ حضرت آدم  علیہ السلام 3۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام
س:رسول اور نبی میں کیا فرق ہے؟
ج: رسول اور نبی دونوں اللہ تعالیٰ کے منتخب شدہ بندے ہوتے ہیں ، دونوں پر وحی نازل ہوتی ہے ، فرق یہ ہے کہ ہر رسول پر باقاعدہ ایک شریعت نازل ہوتی رہی ہے  جبکہ نبی پر الگ سےکوئی نئی کتاب یا شریعت نازل نہیں ہوتی  تھی بلکہ وہ اپنے سے پہلے رسول کی تعلیمات کی تبلیغ واشاعت کا کام کرتا تھا۔
س:کلمہ شھادت اور اس کا اردو ترجمہ تحریر کریں ؟ نیز لکھیں کہ کلمہ شہادت میں کن دو چیزوں کا تذکرہ کیا گیا ہے ؟
ج: اشھد ان لا الہ الا اللہ وحدہ لا شریک لہ و اشھد ان محمدا عبدہ ورسولہO
(میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے علاوہ کوئی معبود نہیں  ،  وہ اکیلا ہے اس کا کوئی شریک نہیں ہے اور میں گواہی دیتا ہوں کہ حضرت محمد ﷺ اللہ تعالٰی کے بندے اور رسول ہیں)
کلمہ شھادت میں : توحید اور رسالت کا تذکرہ ہے۔
س:ملائکہ کس کی جمع ہے، اس کا معنی لکھیں ؟
ج: ملائکہ ، ملک کی جمع ہے یہ عربی زبان کا لفظ ہے جس کے معانی  "قاصد " کے ہیں ۔
س: وجود باری تعالیٰ پر ایک عقلی دلیل دیں؟
ج:
س:دنیا کا پہلا انسان اور پہلا نبی کون تھا اور اس کا عقیدہ کیا تھا؟
ج: دنیا کہ پہلا انسان : حضرت آدم علیہ السلام تھے ، وہی پہلے نبی بھی تھے ۔ آپ کا عقیدہ ، عقیدہ توحید تھا۔


باب دوم
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ارکان اسلام سے مراد دین  اسلامی کے وہ بنیادی اصول اور افعال وعبادات ہیں جن پر اسلام کی عمارت قائم ہے۔
س: اسلام کے بنیادی ارکان کتنے اور کون کون سے ہیں؟
ج: اسلام کے بنیادی ارکان 5 ہیں : 1۔ کلمہ شہادت 2۔ نماز 3۔ روزہ 4۔ زکوٰۃ 5۔ حج
س:دین کا ستون  اور دین کی کوہان کس کو کہا گیا ہے ؟
ج:نماز کو دین کا ستون قرار دیا گیا ہے اور جہاد کو دین کی کوہان کہا گیا ہے ۔
س: صوم ، صلٰوۃ ، حج ، زکوٰۃ اور  کے لغوی معانی لکھیں؟
ج:صوم: رک جانا ۔                   صلوٰۃ: دعا  کرنا/نماز               حج:زیارت کا ارادہ کرنا ۔                      زکوٰۃ: ۱۔پاک کرنا ۲۔اضافہ کرنا ۔
س: بے اثر روزوں اور بے اثر نمازوں سے کیا مراد ہے ؟
ج: بے اثر روزوں اور نمازوں سے مراد وہ  ہیں جن کا مقصد اللہ کی رضا کی بجائے دکھاوا ہو اور وہ باقاعدگی ، خشوع وخضوع اور حضوری قلب سے خالی ہوں ۔
۔۔۔۔۔۔نبی مکرم ﷺ نے رمضان کو  شھر مواساۃ یعنی غم گساری /غم خواری کا مہینہ قرار دیاہے ۔
۔۔۔۔۔۔ کسی شخص کے مال پر زکوٰۃ اس وقت فر ض ہوگی جب اسے جمع کئے ہوئے پورا سال گزر چکا ہو۔
۔۔۔۔۔ نبی مکرم ﷺ نے حج مبرور(حج مقبول ) کو سب سے افضل جہاد قرار دیا ہے ۔
س: حج ، نماز ، روزہ اور زکوٰۃ کے فوائد لکھیں؟
ج:حج کے فوائد: 1۔حج کرنے سے  انسان کو  روحانی سکون اور ایمان و تقویٰ کی دولت حاصل ہوتا ہے ۔2۔اللہ تعالیٰ راضی ہوتے ہیں 3۔ گناہ معاف ہوجاتے ہیں
 4۔حج میں دنیا کے ہر کونے اور گوشے سے لوگ جمع ہوتے ہیں  اور مسلمانوں کی اجتماعیت ، اتحادا ور قوت کا اظہار ہوتا ہے ۔ 5۔ دوسرے ممالک سے آنے والے لوگوں
سے ملاقات سے بین الاقوامی تعلقات کو فروغ ملتا ہے ۔6۔ حجاج خرید وفروخت کے ذریعہ تجارتی اور اقتصادی فوائد بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
نماز کے فوائد : 1۔ نماز بے حیائی اور برے کاموں سے روکتی ہے ۔ 2۔ نماز سے دلی  سکون اور اطمئنان حاصل ہوتاہے 3۔ اللہ تعالیٰ راضی ہوتے ہیں 4۔ دن پانچ بار لوگوں دے یوں اکھٹا ہونے سے افراد معاشرہ کے درمیان محبت پید اہوتی اور ایک دوسرے کے حالات سے واقفیت حاصل ہوتی رہتی ہے ۔ 5۔باجماعت نماز اور جمعہ وعیدین سے مسلمانوں میں اجتماعیت کو شعور پید ہوتا ہے ۔6۔ نماز میں ہر امیر ، غریب اکھٹے کندھے سے کندھا اور پاوں سے پاوں ملا کر کھڑے ہوتے ہیں اور یوں امیر وغریب کا فرق ختم ہو کر عملی مساوات کی فضا پیدا ہوتی ہے۔7۔ نظم  و ضبط پید ہوتا ہے ۔
روزہ کے فوائد:1۔ روزہ سے جب انسان خود سارادن بھوکا رہتا ہے تو اس سے اس کو غریب و محروم لوگوں کی بھوک ، پیاس اور ان کی محرومی کا اندازہ ہوتا ہے۔ 2۔ انسان میں قناعت اور صبر کی قوت میں اضافہ ہوتا ہے ۔3۔ معدہ خالی رہنے سے جسمانی صحت ملتی ہے ۔4۔اللہ تعالیٰ راضی ہوتے ہیں ۔5۔ روزہ انسان کو گناہوں سے روکے رکھتا ہے ۔
زکوٰۃ کے فوائد:     1۔ زکوٰۃ کے نظام پر عمل کر کے ہم سودی نظام سے نجات حاصل کر سکتے ہیں     ۔ 2۔ زکوٰۃ ادا کرنے سے مال پاک ہو جاتا ہے ۔          3۔ زکوٰۃ ادا کرنے سے مال میں اضافہ ہوتا ہے ۔         4۔ غریبوں اور تنگ دست لوگوں کی مالی معاونت ہو جاتی ہے ۔                                 5۔دولت ایک جگہ جمع ہونے کی بجائے سرمایہ گردش میں رہتاہے ۔

س: جہاد کے لغوی اور اصطلاحی معانی لکھیں؟، جہاد کی اقسام کے نام لکھیں؟ نیز بتا ئیں کی کس چیز کو دین کی چھت  یا   کوہان  کہا گیا ہے ؟
ج:لغوی معانی : کوشش کرنا /جدوجہد کرنا
اصطلاحی معنی:  اللہ تعالیٰ کے دین کی تبلیغ ،حفاظت وسربلندی اور امت مسلمہ کے  دفاع کے لئے جدو جہد اور کوشش کرنا جہاد کہلاتا ہے ۔
اقسام :(کن چیزوں کے ذریعے جہاد کیا جائےگا) 1۔ جہاد بالمال 2۔ جہاد بالقلم 3۔ جہاد باللسان 4۔جہاد بالسیف (الف: مدافعانہ جہاد ۔ ب: مصلحانہ جہاد)
اقسام: (کس کے خلاف جہاد کیا جائےگا) 1۔ جہاد بالنفس(نفسانی خواہشات کے خلاف جہاد) 2۔ شیطانی اور طاغوتی قوتوں کے خلاف جہاد3۔ ظلم کے خلاف
س: جنگ اور جہاد میں کیافرق ہے؟
ج:وہ لڑائی جو دنیاوی مقاصد کے لئے لڑی جائے وہ جنگ کہلائے گی ، جبکہ وہ جدو جہد اور کوشش جو اللہ تعالیٰ کی رضا اور اس کے دین کی سر بلندی کے لئے  کی جائے وہ جہاد کہلاتی ہے۔
س: پہلی مسلم ریاست کی بنیا کہاں رکھی گئی ؟
ج:مدینہ میں ، جس کا پرانا    نام یثرب تھا۔
س: حقوق اللہ اور حقوق العباد سے کیا مراد ہے ؟
ج:حقوق اللہ سے مراد : اللہ تعالیٰ کے حقوق ہیں اور حقوق العباد سے مراد : بندوں کے حقوق ہیں َ
س:کن دو صورتوں میں غیبت جائز ہے ؟
ج:۱۔ اگر کوئی مظلوم  اپنے اوپر ہونےوالے ظلم کےبارے  کسی کو آگاہ کرے اور ظالم کی باتیں بتائے تو جائز ہے
۲۔کسی دھوکہ باز شخص کے شر سے لوگوں کو بچانے کے لئے ان کو اطلاع دینا یا آگا ہ کرنا۔
س:تقویٰ کے لغوی اور اصطلاحی معانی تحریر کریں؟
ج:لغوی : 1۔ڈرنا 2۔ بچنا
اصطلاحی: تقویٰ دل کی اس کیفیت کا نام ہے جو انسان کو برائیوں سے روکتی اور نیکیوں کی طرف راغب کرتی ہے۔
س: جھوٹ کے نقصانا ت اور سچائی کے فوائد لکھیں؟ نیز اس بارے ایک حدیث بھی لکھیں؟
ج:جھوٹ کے نقصانات: 1۔ جھوٹ ہلاکت کی طرف لے جاتا ہے ۔2۔ معاشرے میں جھوٹے شخص کی کوئی عزت باقی نہیں رہتی ۔3۔اللہ تعالیٰ ناراض ہو جاتے ہیں  ۔ 4۔جھوٹے فرد کا اعتبار اور اعتما د اٹھ جاتا ہے ۔
سچ کے فوائد:1۔ سچ نجات دلاتا ہے  ۔ 2۔سچ بولنے والے کی اللہ تعالیٰ خصوصی مدد کرتے ہیں ۔  3۔ اللہ تعالیٰ راضی ہوجاتے ہیں۔   4۔معاشرے میں سچے فرد کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ 5۔سچ انسان کو دنیا اور آخرت کی کامیابیاں دلاتا ہے۔
س: معاشرے میں لاقانونیت کی وجوہات ؟
ج: 1۔ خود غرضی اور مفاد پرستی
2۔اپنے آپ کو قانون سے بالا تر سمجھنے کی گھٹیا سوچ
س:انسان کے تین باپ کون کون سے ہیں ؟
ج:      1۔ حقیقی والد       2۔ سسر          3۔ استاد
س: ہمسایہ کی اقسام کتنی اور کون کون سی ہیں؟
ج: ہمسایہ کی اقسام میں سے تین زیادہ اہم ہیں:
 1۔ وہ ہمسایہ جو رشتہ دار بھی ہو 
2۔ غیر رشتہ دار ہمسایہ  خواہ وہ غیر مسلم ہی کیوں نہ ہو
3۔ہم جماعت ، ہم سفر یا ہم پیشہ افراد یعنی جن سے عارضی تعلق ہو۔
۔۔۔۔۔۔حسن معاشرت: معاشرے میں باعزت اور اچھے طریقے سے زندگی بسر کرنا  ،اپنی صلاحیتو ں کو معاشرے کی ترقی ، ماحول کو خوشگوار بنانے اور افراد معاشرے کی فلاح و بہبود کے لئے صرف کرنا حسن معاشرت کہلاتا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔ نبی مکرم ﷺ کے فرمان کے مطابق : سب سے بڑا گنا ہ شرک ہے ، اس کے بعد سب سے بڑا گنا ہ والدین کی  نافرمانی ہے اور اس کے بعد سب سے بڑا گناہ اپنی اولاد کو بھوک و افلاس کے ڈر سے قتل کرنا ہے۔
۔۔۔۔۔۔صلہ رحمی: واٰت ذا القربیٰ حقہ (بنی  اسرائیل : 26) ترجمہ: اور رشتہ داروں کو ان کا حق دو۔
۔۔۔۔۔۔قطع رحمی : لا یدخل الجنۃ قاطع (الحدیث)     ترجمہ: رشتہ داروں سے تعلق ختم کرنے والا جنت میں داخل نہ ہوگا ۔
س:منافق کی  علامات لکھیں؟
ج:۱۔گفتگو کرتے وقت جھوٹ بولتاہے ۲۔وعدہ خلافی کرتاہے ۳۔امانت میں خیانت کرتا ہے ۴۔جب جھگڑاکرتا ہے تو گالیاں دیتا ہے۔
س: منافق کی اقسام کتنی ہیں ؟ اعتقادی منافق اور عملی منافق سے کیا مراد ہے ؟
ج:منافق کی دو اقسام ہیں : 1۔ اعتقادی منافق     2۔ عملی منافق
اعتقادی منافق: وہ شخص جو دل سے اسلام کی حقانیت اور سچائی کو قبول نہ کرے اور صرف ذاتی مفاد یا ملت اسلامیہ کو نقصان پہنچانے کی خاطر اپنے آپ کو مسلمان ظاہر کرے۔(اعتقادی منافقین نے مدینہ طیبہ میں مسجد نبوی کے مقابلے میں مسجد ضرار تعمیر کی تھی تا کہ مسلمانوں میں اختلاف ڈالا جا سکے )
عملی منافق: وہ شخص جس نے دل وجان سے اسلام کو قبول کرلیاہو لیکن اسلام کی تعلیمات پر عمل کرنے میں اس سے سستی اور کوتاہی ہو رہی ہو تو ایسے مسلمان کو عملی منافق کہا جائے گا۔
س: عشر سے کیا مراد ہے ؟ نیز زکوٰۃ اور عشر میں فرق واضح کریں ؟
ج: زکوٰۃ:ایک مالی عبادت ہے جس میں ہر صاحب نصاب مسلمان اپنے مال کا اڑھائی فیصد اللہ تعالیٰ کے راستے میں غریب مسلمانوں کی امداد کے لئے دیتاہے۔
(یہ رقم اسلامی حکومت کو ادا کی جائے گی اور کسی مملکت میں زکٰوۃ کا نظام نہ ہو تو زکٰوۃ دینے والا اس رقم کو خود ہی اپنے علاقے کے غربا میں تقسیم کردے گا)
  عشر:ایک مالی عبادت ہے جس میں ہر مسلمان اپنی زرعی پیداوار کا دسواں حصہ اللہ تعالٰی کے راستے میں غریب مسلمانوں کی امداد کے لئے دیتا ہے۔
فرق: زرعی پیداوار سے اللہ تعالٰی کے راستے میں خرچ کیے گئے مال کو عشر کہا جاتا ہے اور باقی اموال مثلا سونا، چاندی ، نقدی ، اونٹ ، بکری اور گائے وغیرہ سے اللہ تعالٰی کے راستے میں خرچ کرنے کو زکوٰۃ کہا جاتا ہے۔
س:نصاب زکوٰۃسے کیامراد ہے ؟سونے، چاندی،  اونٹ، بکری اور گائے کا نصاب زکوٰۃ لکھیں؟
ج: نصاب زکوٰۃ سے مراد مال کی وہ خاص مقدار ہے جس کے پورا ہونے پر مالدار شخص پر زکوٰۃ ادا کرنا فرض ہو جاتا ہے ۔

س:مصارف زکوٰۃ سے کیا  مرادہے ، مصارف زکوٰۃ کتنے ہیں؟ اور کون کون سے ہیں؟
ج:مصارف زکوٰۃ سے مراد وہ جگہیں ہیں جہاں زکوٰۃ کا مال خرچ کیا جائے گا۔
 یہ کل آٹھ ہیں :      1۔فقرا ۔2        ۔مساکین 3        ۔ محکمہ زکوٰۃ کے ملازمین         4۔ نو مسلموں کی تالیف قلب کے لئے 5   ۔غلاموں اور قیدیوں کو آزاد کرانے کے لئے      6۔ مقروض کے قرض کی ادائیگی کے لئے  7۔فی سبیل اللہ (جہاد اور تبلیغ دین)       8۔ مسافر (ضرورت مند مسافر)
س: زکوٰۃ کی شرح سے کیا مراد ہے ؟
ج:شرح زکوٰۃ سے مراد ہے مال کی  وہ خاص مقدار ہے جو زکوٰۃ فرض ہونے پر ادا کی جائے گی جیسے :سونے کی شرح زکوٰۃ ؛ اڑھائی فیصد ہے (یعنی جتنی زکوٰۃ ادا کی جائے گی)
س: ادائیگی زکوٰۃ کے چار اصول بیان کریں ؟
ج:1۔ زکوٰۃ صرف مسلمانوں سے لی جائے گی ۔
2۔ایسے رشتہ دار جن کی کفالت زکوٰۃ دینے والے کے ذمہ فرض ہو ، ان کو زکوٰۃ نہیں دی جاسکتی ( ماں ، باپ ، بیٹا ، بیٹی ، شوہر ،بیوی)۔
3۔زکوٰۃ ادا کرتے وقت یہ بتا نا ضروری نہیں کہ یہ زکوٰۃ کا مال ہے ۔
4۔زکوٰۃ پہلے قریبی رشتہ داروں اور اہل علاقہ کو دی جائے گی ، ضرورت پوری ہونے پر دیگر علاقوں میں بھیج دی جائے گی ۔
س:غیبت اور بہتان کی تعریف کریں اور فرق واضح کریں؟
ج: غیبت: کسی شخص کی خامی اس کی غیر موجودگی میں لوگوں کے سامنے بیان کرنا غیبت کہلاتاہے۔
بہتان: کسی شخص پر اس کی موجودگی یا غیر موجودگی میں کسی برائی کے ارتکا ب کا جھوٹا الزام لگانا بہتان یا اتہام  یا تہمت کہلاتا ہے۔
فرق: جس شخص کی خامی بیان کی جارہی ہے تودیکھا جائےکہ  اگر واقعتا اس شخص میں وہ خامی موجود ہے تو یہ فعل غیبت کہلائے گا اور اگر اس میں وہ خامی موجود بھی نہیں ہے یا اس نے وہ کام کیا ہی نہیں جس کی اس کی طرف نسبت کی جارہی ہے تو یہ بہتان یا اتہام کہلائے گا۔
س:انسان حسد سے کیسے بچ سکتاہے ؟
ج:انسان قناعت اور ہر حال میں شکر باری  تعالٰی کےذریعہ حسد سے بچ سکتا ہے۔
س:دیانت داری کے متعلق ایک آیت لکھیں؟
ج:آیت : ان اللہ یامر ان تودوا الامٰنٰت الی اھلھا (سورۃ النساء:58)
ترجمہ: بے شک اللہ تعالیٰ تم کو حکم  دیتے ہیں کہ امانتیں ، امانت والوں کو ادا کر دو۔
س: ایثار سے کیا مراد ہے ؟
ج:خود تکلیف برداشت کر کے اپنی ضرورت کی چیز کسی دوسرے ضرورت مند کو دینا  ایثار کہلاتا ہے۔
س:جو لوگ زکوُٰۃ ادا نہیں کرتے ان کے بارے قرآن نے کیا وعید سنائی ہے ؟
ج: والذین یکنزون الذھب والفضۃ ولا ینفقونھا فی سبیل اللہ فبشرھم بعذاب الیم O
ترجمہ:اور وہ لوگ جو سونا اور چاندی جمع کرتے ہیں اور اس کو اللہ تعالیٰ کے راستے میں خرچ نہیں کرتے ، تو آپ ان کو درد ناک عذاب کی اطلاع دے دیں۔
س:حق اور فرض سے کیا مراد ہے فرق واضح کریں ؟
حق: ایک انسان کے ذمے دوسرے انسان کے لئے جو کچھ ادا کرنا ضروری ہے وہ اس کا فرض ہے اور دوسرے انسان کا حق ہے۔
س: رشتہ دار ، ہمسایہ ، خاوند ، بیوی ، والدین اور اولاد: ہر ایک کے 4-4حقوق لکھیں؟
رشتہ دار:۱۔صلہ رحمی ۲۔حسن سلوک ۳۔مالی امداد ۴۔ وراثت میں حصہ ۵۔تحائف دینا
ہمسایہ:۱۔حسن سلوک ۲۔مالی امداد ۳۔خوشی وغمی میں شرکت ۴۔مال کی حفاظت ۵۔ عزت وآبرو کی حفاظت
خاوندکے حقوق(بیوی کے فرائض):۱۔  اطاعت ۲۔عزت کی حفاظت ۳۔قناعت وشکر گزاری ۴۔اولاد کی پرورش اور اچھی تربیت ۵۔خاوند کے رشتہ داروں سے حسن سلوک
بیوی کے حقوق(خاوند کے فرائض):۱۔حسن سلوک۲۔عزت واحترام۳۔مشاورت۴۔حق مہر ۵۔نان ونفقہ یعنی ٖضروریات زندگی کی فراہمی۔
والدین کے حقوق(اولاد کے فرائض):۱۔حسن سلوک ۲۔اطاعت وفرمانبرداری ۳۔ بڑھاپے میں سہارا ۴۔مالی تعاون ۵۔وفات کے بعد دعائے مغفرت
اولاد کے حقوق(والدین کے فرائض):۱۔محبت وشفقت  ۲۔زندہ رہنے کا حق ۳۔ تعلیم وتربیت ۴۔اولاد کے درمیان عدل  ۵۔ شادی میں مشاورت
اساتذہ کے حقوق(طلبا کے فرائض):۱۔اطاعت وفرمانبرداری ۲۔ہدایات پر عمل ۳۔بات کو توجہ سے سننا ۴۔عزت واحترام ۵۔دعائے مغفرت
طلبا کے حقوق(اساتذہ کے فرائض):۱۔ محبت وشفقت ۲۔ اچھی تربیت ۳۔ مناسب راہ نمائی ۴۔تعلیمی سہولیات کی فراہمی۵۔مالی معاونت۔
غیر مسلموں کے حقوق(اسلامی ریاست کے فرائض):۱۔جان کی حفاظت ۲۔مال کی حفاظت ۳۔عزت و ناموس کی حفاظت ۴۔عبادت کی اجازت ۵۔معاہدوں کی پابندی
س:کسب حلال کے متعلق ایک آیت اور اس کا ترجمہ لکھیں؟
آیت:" یاایھاالذین اٰمنوا کلوا من طیبات ما رزقنکم" (البقرۃ:۱۷۲)

س:ایفائے عھد کے متعلق ایک آیت اور ایک حدیث مع ترجمہ لکھیں؟
آیت:"اوفوا بالعھد ان العھد کان عنہ مسئولا" (بنی اسرائیل)
حدیث:"لا دین لمن لا عھد لہ "
س: عدل اور احسان کے لغوی اور اصطلاحی معانی لکھیں؟
ج: عدل کے لغوی معنی : برابری کے ہیں   اصطلاح میں عدل سے مراد ہے کہ جس کسی کا جتنا حق بنتا ہے اتنا اس کو دے دینا
س:چار محاسن اخلاق اور چار رزائل اخلاق تحریر کریں؟
ج: محاسن اخلاق(اچھے اخلاق وعادات)     : 1۔ دیانت داری 2۔ایفائے عھد 3۔ سچائی 4۔ عدل وانصاف 5۔قانون کا احترام کرنا 6۔ کسب حلال
                                       7۔ایثار وقربانی کا جذبہ 8۔ عاجزی
رزائل اخلاق(برے اخلاق و عادات)      : 1۔ جھوٹ 2۔ غیبت 3۔ منافقت 4۔ تکبر 5۔ حسد 6۔ بد دیانتی 7۔ وعدہ خلافی 8۔ حرام خوری
س:پڑوسی کے حقوق کے متعلق ایک حدیث لکھیں؟
ج:٭   (من کان یومن باللہ والیوم الاٰخر  فلیکرم جارہ) جو اللہ تعالیٰ اور یوم آخرت  پر ایمان رکھتا ہے اسے چاہیئے کہ وہ اپنے پڑوسی کا احترام کرے۔
    ٭   وہ شخص مومن نہیں جو اپنے ہمسائے کی بھوک سے بے نیاز ہوکر شکم سیر ہو
س:قرآن مجید میں مذکور نیک ییویوں کی تین صفات تحریر کریں ؟
ج: فالصٰلحٰت قٰنتٰت حٰفظٰت للغیب (سورۃ النساء: 34) ترجمہ:  نیک عورتیں  ،  خاوند کی اطاعت کرنے والی ، خاوند کی غیر موجودگی میں (اس کی عزت و مال کی) حفاظت کرنے والی ۔
س:منافقت کا لغوی اور اصطلاحی مفہوم بیان کریں ؟
لغوی: منافقت عربی زبان کے لفظ (نفق)سے نکلاہے جس سے مراد    دو  راستوں والا سوراخ یا بل ہے۔
اصطلاحی:منافق:وہ شخص جس نےدنیاوی مفاد کے حصول کی خاطر بظاہر تو اسلام  قبول کرلیاہو لیکن دل سے اسلا‏م کی حقانیت اور سچائی کو تسلیم نہ کرتا ہومنافق کہلاتا ہے ۔
منافقت:بظاہر اسلام قبول کرنے کا دعویٰ کرنا لیکن دل سے تصدیق نہ کرنا منافقت ہے۔ انسان کے ظاہر وباطن میں تضاد منافقت ہے۔
س: تکبر سے کیا مراد ہے ،اس کا مفہوم واضح کریں ، اور لکھیں کہ تکبر کس کو لائق ہے؟
ج:تکبر سے مراد اپنےآپ کو دوسروں کے مقابلے میں بڑا اور بلند مقام ومرتبہ والا سمجھنا ۔ بڑائی صرف اور صرف اللہ تعالٰی کی ذات کے لائق ہے۔
س:احرام کس کو کہتے ہیں ؟ مناسک حج سے کیا مراد ہے ، چار مناسک حج تحریر کریں ؟
ج: سفید رنگ کی دو      اَ ن سلی چادروں پر مشتمل لباس جو حاجی دوران حج زیب تن کرتاہے احرام کہلاتا ہے۔
مناسک حج: سے مراد وہ افعال ہیں جو ایک حاجی دوران حج ادا کرتا ہے۔
مناسک حج:۱۔طواف    ۲۔ حجر اسود کو بوسہ دینا    ۳۔قربانی کرنا   ۴۔ بال کٹوانا یا منڈوانا   ۵۔صفا و مروہ کی سعی کرنا۔
س:صلہ رحمی سے کیا مراد ہے ؟
صلہ رحمی سے مراد  رشتہ داروں سے تعلق اور رشتہ داری کو جوڑنا ہے۔
س: قیامت کے روز پہلا سوال کس بارے کیا جائے گا؟
ج: قیامت کے روز سب سے پہلے نماز کے بارے سوال کیا جائےگا۔
س: یتیموں کی کفالت کے بارے نبی اکرم ﷺ کا کیا فرمان ہے ؟ حدیث لکھیں؟
ج: انا وکافل الیتم فی الجنۃ ھکذا (بخاری ومسلم)
 ترجمہ: میں(نبی مکرمﷺ) اور یتیم کی کفالت کرنے والا جنت میں یوں (آپ نے اپنی شہادت اور ساتھ والی انگلی کو جوڑ کر اشارہ فرمایا) اکٹھے ہوں گے ۔
س:حج، زکوٰۃ، روزہ اور نماز کے متعلق ایک ، ایک آیت مع ترجمہ لکھیں؟
ج:1۔اقیموا الصلوٰۃ ولا تکونوا من المشرکین (سورۃ الروم: 21) ترجمہ: نماز قائم کرو اور شرک کرنے والوں میں نہ ہو جاو۔
یایھا الذین اٰمنوا کتب علیکم الصیام (سورۃ البقرۃ: 183)  ترجمہ: اے ایمان والو ! تم پر روزے فرض کر دیئے گئے ہیں ۔
والذین یکنزون الذھب والفضۃ ولا ینفقونھا فی سبیل اللہ فبشرھم بعذاب الیم O
ترجمہ:اور وہ لوگ جو سونا اور چاندی جمع کرتے ہیں اور اس کو اللہ تعالیٰ کے راستے میں خرچ نہیں کرتے ، تو آپ ان کو درد ناک عذاب کی اطلاع دے دیں۔
وللہ علی الناس حج البیت  من استطاع الیہ سبیلا (سورۃ آل عمران: 97)
   ترجمہ: لوگوں پر فرض ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے لئے بیت اللہ کا حج کریں ، جو بھی (بیت اللہ ) کی طرف سفر کرنے کی طاقت رکھتا ہے۔
س: نماز کن کن چیزوں سے روکتی ہے ؟
ج: نماز بے حیائی ، فحاشی اور برے کاموں سے روکتی ہے ۔
س:مولفۃ القلوب یا تالیف قلب سے کیا مراد ہے ؟ اس سے کون لوگ مراد ہیں ؟
ج: کسی کی دل جوئی کرنا،حوصلہ بڑھانا    ، اس سے مراد وہ نو مسلم ہیں جو مالی لحاظ سے کمزور ہوں تو زکوٰۃ فنڈ سے ان کی امدادکی جائے گی۔
س: ایفائے عہد ، عدل وانصاف،احترام قانون  اور ایثار وقربانی کے بارے نبی مکرم ﷺ اور صحابہ کی زندگیوں سے ایک ایک واقعہ لکھیں؟
ج:
س: جھوٹ اور سچ کی تعریف لکھیں؟
ج: سچ: جو بات جیسے ہو اس کو اسی حقیقت کے ساتھ بیان کرنا سچ کہلاتا ہے               جھوٹ: خلاف حقیقت بات کرنا /بتانا جھوٹ کہلاتا ہے۔
س:حسد سے کیا مراد ہے ؟ حسد کی مذمت بارے حدیث لکھیں؟
ج:لغوی: کسی کا زوال چاہنا
اصطلاحی:ایک انسان کا کسی دوسرے انسان کو اچھی حالت میں دیکھ کر جلنا اور دل میں خواہش کرنا کہ اس کے پاس جو نعمت ہے وہ چھن کر میرے پاس آجائے، یہ حسد کہلاتا ہے۔
س:کون جنت کی خوشبو سے محروم رہے گا؟                                            ج:والدین کا نافرمان




باب سوم
آیت : وما ارسلنٰک الا رحمۃ للعالمین(سورۃ الانبیاء:107) ترجمہ: ہم نے آپ کو تمام جہانوں کے لئے صرف رحمت بنا کر بھیجا ہے۔
آیت : لقد کان لکم فی رسول اللہ اسوۃ حسنہ(سورۃ الاحزاب: 21) ترجمہ: بلاشبہ رسول اللہ ﷺ کی زندگی  میں تمہارے لیے بہترین نمونہ ہے۔
س: رسول اکرم ﷺ نے نماز تراویح مسجد میں صرف تین دن کیوں ادافرمائی؟
ج: رسول اکرم ﷺ کے ذہن مبارک میں یہ خیال آیا کہ کہیں نماز تراویح امت پر فرض نہ کر دی جائے۔
س: مسواک کے بارے رسول اکرم ﷺ کا کیا ارشاد ہے ؟
ج:" اگرامت کو دشواری نہ ہوتی تو میں انہیں ہر نماز سے پہلے مسواک  کرنے کا حکم دیتا" ( صحیح بخاری)
س: گذشتہ امتوں پر نافرمانی اور گناہوں کے سبب کیسے عذاب آئے؟
ج:      کسی قوم کی صورتیں (شکلیں) مسخ (تبدیل )کردی گئیں          ،         کسی پر طوفان کا عذاب آیا        ،         کسی کی بستی الٹ دی گئی
س: نبی اکرم ﷺ سے قبیلہ دوس کر طرف کس صحابی کو تبلیغ کے لئے بھیجا؟
ج: حضرت طفیل بن عمرو  -دوسی رضی اللہ عنہ کو۔
س: اسلام نے عورت کو کیسے عزت دی ؟
ج: اسلام نے عورت کے حقوق وفرائض کا تعین کیا اور اس کو ماں ، بیٹی اوربیوی   تینوں حیثیتوں سے عزت عطا کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔حضرت جعفر طیار رضی اللہ عنہ  غزوہ موتہ میں شہید ہوئے، حضرت اسماء بنت عمیس ، حضرت جعفر طیار رضی اللہ عنہ  کی بیوی تھیں۔
س:رسول اکرم ﷺ کی یتیموں پر شفقت کے بارے حضرت اسماء بنت عمیس رضی اللہ عنھا نے کونسا واقعہ بیان کیا؟
ج:دیکھیں ٹیکسٹ بک کا صفحہ نمبر: 50
س: رسول اکرم ﷺ بچوں کے لئے رحمت تھے اس بارے سیرت رسول ﷺ سے ایک واقعہ بیان کریں ؟
ج: دیکھیں ٹیکسٹ بک کا صفحہ نمبر: 51
س: رشتہ مواخات سے کیا مراد ہے ؟
ج:رشتہ مواخات سے مراد " بھائی چارے" کا رشتہ ہے  ، رسول اللہ ﷺ مکہ سے ہجرت فرما کر جب مدینہ تشریف لےگئے تو آپ ﷺ نے مہاجرین مکہ اور انصار مدینہ  کے درمیان "رشتہ مواخاۃ "قائم کیا۔
س: تین غیر عرب صحابہ کرام کے نام لکھیں؟
ج: 1۔حضرت سلمان فارسی رضی اللہ عنہ 2۔ حضرت بلال حبشی رضی اللہ عنہ 3۔ حضرت صہیب رومی رضی اللہ عنہ
س: صبر کے لغوی اور اصطلاحی معانی تحریر کریں؟                                         ج:     لغوی معانی:برداشت کرنا،  روکنا
   اصطلاحی:حق کی راہ میں آنےوالی مصائب ، مشکلات اور تکالیف کو برداشت کرنا اور  واویلا                نہ کرنا صبر کہلاتا ہے۔
س: رسول اکرم ﷺ کی زندگی سے صبرکی مثال دیں؟
ج: ٭نبی مکرم ﷺ ایک دن بیت اللہ کے پاس نماز ادا فرما رہےتھےکہ آپ  ﷺکی سجدہ کی حالت میں عقبہ بن ابی معیط نے ابوجہل کے اکسانے پر اونٹ کی اوجھڑی  آپ ﷺ کی پشت مبارک پر ڈال دی اور مشرکین زور زور سے ہنس کر مذاق اڑانے لگے ۔ حضرت فاطمہ رضی اللہ عنھا کو جب پتہ چلا تو انہوں نے فورا
آکر آپ ﷺ سے اوجھڑی کو ہٹایا ،اور کفار کو بددعا دی تو نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: بیٹی صبر سے کام لو۔
٭ رسول اکرم ﷺ کا چچا ابولہب لوگوں کو کہتا کہ آپ ﷺ (معاذاللہ) دیوانہ  اور پاگل ہیں ، اسی طرح ابولہب کی بیوی "ام جمیل" آپﷺ کے راستے میں کانٹے بچھاتی  جس سے آپ ﷺ کے پاوں مبارک زخمی ہوکر لہو لہان ہو جاتے لیکن آپ نے کبھی ان کے لئے بدعا نہ کی۔
٭نبوت کے ساتوں سال محرم کے مہینے میں مشرکین مکہ نے آپ ﷺ کے خاندان بنو ہاشم کا بائیکاٹ کر کے شہر سے نکال دیا اور آپ ﷺ اپنے قبیلہ کے لوگوں کےساتھ تین سال تک شعب ابی طالب (ابو طالب کی گھاٹی)میں محصور (قید) رہے اس دوران  آپ ﷺ نے بہت تکالیف برداشت کیں اور صبر سے کا م لیا۔
س: استقلال کا مفہوم واضح کریں؟ لغوی : استحکام 2۔ مضبوطی                           
ج: ہر قسم کی مشکلات اور مصائب کے باوجود  حق کے راستے پر ثابت قدم رہنا استقلال کہلاتا ہے۔
س: شعب ابی طالب میں محصوری سے کیا مراد ہے ؟
ج:مشرکین مکہ نے نبوت کے ساتویں سال محرم الحرام کے مہینہ میں نبی اکرم ﷺ اور آپ کے سارے خاندان سے بول چال اور لین دین بند کر دیا ، اس وجہ سے بنو ہاشم کا پورا خاندان تین سال تک مکہ شہر سے باہر ایک پہاڑ کی گھاٹی (جس کو شعب ابی طالب کہاجاتاتھا) میں محصور رہا۔
س: نبی اکرم ﷺ کے راستے میں کانٹے کون بچھاتا تھا؟
ج: نبی اکرم ﷺ کے چچا ابو لہب کی بیوی ام جمیل  آپ ﷺ کے راستے میں کانٹے بچھاتی تھی جس سے آپ نے پاؤں مبارک زخمی ہو جاتے تھے۔
س:ذکر الہی کی اقسام تحریر کریں اور لکھیں کہ افضل ذکر کون سا ہے ؟
ج:      ۱۔قلبی ذکر                    ۲۔قولی/لسانی ذکر               ۳۔فعلی /عملی ذکر
ج:ذکر کی افضل ترین شکل نماز ہے            اور  افضل ترین ذکر   : لا الہ الا اللہ  ہے۔
س:ذکر کے لغوی اور اصطلاحی معانی لکھیں؟ نیز بتا ئیں کہ کس چیز سے  دلوں کو اطمینان ملتا ہے؟ ذکر کے بارے ایک قرآنی آیت ؟
ج:لغوی: یاد کرنا - --- اصطلاحی : اللہ تعالیٰ کو یاد کرنا۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔ اللہ تعالیٰ کے ذکر سے دلوں کو اطمئنان ملتاہے۔
آیت : الا بذکر اللہ تطمئن القلوب (سورۃ الرعد: 28) ترجمہ: آگاہ رہو! اللہ تعالیٰ کے ذکر سے دلوں کو سکون ملتاہے۔
س:تسبیح فاطمہ سے کیا مرادہے ؟
ج:وہ کلمات جو  نبی مکرم ﷺ نے حضرت فاطمہ ؓ کو سکھلائے تھے ،1۔   ۳۳بار سبحان اللہ ،2۔  ۳۳  بار الحمدللہ ،3۔   ۳۴ بار اللہ اکبر
س:اخوت اور بھائی چارہ کے متعلق قرآن مجیدکی آیت مع ترجمہ تحریر کریں؟
ج:انما المومنون اخوۃ  (الحجرات:10)         بے شک جو مومن ہیں وہ آپس میں بھائی بھائی ہیں
س:نبی اکرم ﷺ کی زندگی سے مساوات اور ایفائے عھد کی ایک ایک مثال لکھیں؟
ج:ایفائے عھد: صلح حدیبیہ کے موقعہ پر حضرت ابوجندل رضی اللہ عنہ کو مسلمان ہونے کے باوجود صرف وعدہ کی پاسداری کرتے ہوئے اہل مکہ کے حوالے کر دینا۔
مساوات: آپ ﷺ نے مسجد قبا اور مسجد نبوی کے تعمیر کے وقت اور غزوہ احزاب کے موقعہ پر خندق کھودنے میں صحابہ کرام کے ساتھ مل کر کام کیا۔
س:عفو سے کیا مراد ہے ؟ اس کے لغوی اور اصطلاحی معانی تحریر کریں ؟
ج:لغوی: معاف کرنا ،درگزر کرنا
اصطلاحی تعریف:کسی کی غلطی یا جرم کو بدلہ لینے کی طاقت ہونے کے باوجود معاف کر دینا عفو کہلاتا ہے۔
س: رسول اللہ ﷺ کی عبادت کے بارے حضرت عائشہ رضی اللہ عنھا نے کیا واقعہ بیان کیا؟
ج: دیکھیئے ٹیکسٹ بک کا صفحہ 55
س: رسول اللہ ﷺ کی زندگی مبارک سے عفو ودرگزر کے متعلق واقعہ قلمبند کریں ؟
ج: واقعہ طائف      ،          فتح مکہ کے موقعہ پر عام معافی      (دیکھیئے ٹیکسٹ بک کا صفحہ:54)
۔۔۔۔۔۔۔۔ مساوات: رسول اللہ ﷺ نے اپنی پھوپھی زاد بہن حضرت زینت رضی اللہ عنھا کی شادی اپنے آزاد کردہ غلام حضرت زید رضی اللہ عنہ سے کر دیا۔



باب چہارم
س: قرآن کی لغوی اور اصطلاحی تعریف کریں ؟ قرآن کے اندر قرآن کتنے نام ذکر کئے گئے ہیں ؟
ج:لغوی: 1۔پڑھنا ، جمع کرنا 2۔ بہت زیادہ پڑھی جانے والی کتاب
اصطلاحی : قرآن مجید اللہ تعالیٰ کا کلام ہے جو حضرت جبرائیل علیہ السلام کے ذریعے ، واضح عربی زبان میں ، حضرت محمد ﷺ پر تقریبا 23 سال کے عرصہ میں نازل ہوا۔
س: قرآن کریم کے صفاتی نام لکھیں؟
ج:ذاتی نام : 1۔الکتاب ۔ 2۔الفرقان ۔ 3۔ نور ۔ 4۔ شفاء  ۔   5۔تذکرہ ۔ 6۔العلم  ۔7۔البیان
صفاتی نام: 1۔ حکیم  ۔   2۔ مجید 3۔مبارک ۔ 4۔ العزیز ۔ 5۔ مبین ۔6۔کریم
س: قرآن کریم کی ترتیب نزولی اور ترتیب توقیفی سے کیا مراد ہے ؟
ج:ترتیب نزولی سے مراد قرآن کریم کی وہ ترتیب ہے جس ترتیب سے قرآن کریم کی آیات اور سورتیں نازل کی گئیں،
ترتیب توقیفی : سے مراد قرآن کی آیات اور سورتوں کی  وہ خاص ترتیب ہے جو نبی اکرم ﷺ نے اللہ تعالیٰ کی راہ نمائی میں  لگائی۔ قرآن کی موجودہ ترتیب توقیفی ہی ہے ۔
س: حدیث کے لغوی اور اصطلاحی معانی لکھیں ؟نیز حدیث کی اقسام کتنی اور کون کون سی ہیں؟
ج:لغوی: 1۔ نئی بات 2۔ گفتگو 3۔ نئی چیز
اصطلاحی : نبی اکرم ﷺ کے اقوال ، افعال اور تقریرات کو حدیث کہا جاتا ہے۔
٭ نبی مکرم ﷺ نے آخری حج دس ہجری میں ادا کیا ، اس حج کو حجۃ الوداع کہا جاتا ہے۔ اس حج میں آپ نے عرفات کے میدان میں ایک خطبہ ارشاد فرمایاجس کو خطبہ حجۃالوداع کہا جاتا ہے۔
٭ آیت کے معنی ہیں "نشانی " ۔ قرآن کریم کے ایک جملے کو آیت کہا جاتا ہے۔
٭ سورۃ کے معنی ہیں "نمایاں جگہ" ، " چاردیواری والی جگہ" ۔ قرآن کریم کے ایک باب کو سورۃ کہا جاتاہے۔
٭ مسلمانوں کی کفار سے سب سے پہلی باقاعدہ جنگ "غزوہ بدر" اور سب سے آخری جنگ "غزوہ تبوک" کہلاتی ہے۔
٭ نبی مکرم ﷺ کی عمر مبارک تریسٹھ (63) برس ہے ، آپ نے مکہ میں 53 سال اور مدینہ میں 10 سال بسر کئے ،آپ ﷺ کو 40 سال کی عمر میں نبوت عطا کی گئی یوں نبوت والی عمر 23 سال بنتی ہے جس  میں سے 13 سال آپ ﷺ نے مکہ میں بسر کئے اور 10 سال مدینہ میں ۔
س: تدوین کے کیا معانی ہیں؟ تدوین قرآن سے کیامراد ہے ؟ تدوین حدیث سے کیا مراد ہے ؟
ج: کسی چیزکو ترتیب کے ساتھ لکھ کر محفوظ کرنا تدوین  کہلاتا ہے۔
تدوین قرآن : قرآن کریم کو ترتیب کے ساتھ لکھ کر محفوظ کر لینا ،  تدوین قرآن کہلاتا ہے۔
تدوین حدیث: احادیث کو ایک خاص ترتیب سے لکھ کر محفوظ کر لینا ، تدوین حدیث کہلاتا ہے۔
س: تدوین قرآن کے کتنےاور کون کون سے ادوار ہیں؟    تدوین حدیث کے کتنے اور کون کون سے ادوار ہیں؟
ج:تدوین قرآن کے 3 ادوار ہیں : 1۔ عھد نبوی  2۔ عھد صدیقی 3۔ عھد عثمانی
تدوین حدیث  کے 3 ادوار ہیں : 1۔ پہلی صدی ہجری  2(نبی مکرمﷺ اور صحابہ کرام کا دور)۔ دوسری صدی ہجری (اس دور کا آغاز حضرت عمر بن عبدالعزیز کی خلافت سے ہوتاہے)  3۔ تیسری صدی ہجری  (محدثین کا دور ،اس کے اختتام تک تمام احادیث باقاعدہ کتب کی شکل میں ترتیب کے ساتھ لکھ لی گئی تھیں)
س:حضرت ابو بکر صدیق کے دور میں کس صحابی نے قرآن مدون کیا ؟
ج:                حضرت زید بن ثابت ؓ نے ، ان کے ساتھ صحابہ کی ایک جماعت کی ڈیوٹی لگائی گئی تھی۔(حضر ت عثمان غنی کے دور میں بھی ان ہی کی ڈیوٹی  لگائی گئی تھی)
٭ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے دور حکومت میں مسلمانوں کی جنگ مسیلمہ کذاب سے ہوئی جس نے نبوت کا جھوٹا دعویٰ کیا تھا
س: قرآن مجید کی کتابت ابتدائی طور پرکن چیزوں پرکی جاتی تھی ؟
ج: 1۔ پتھر کی سلوں /سلیٹوں پر  2۔ کھجور کے پتوں پر 3۔ اونٹ کے شانے کی ہڈی پر 4۔ کھال کی جھلی پر 5۔ کپڑوں پر۔
س: کاتبین وحی کی تعداد کتنی ہے پانچ کاتبین وحی کے نام لکھیں؟
ج: کاتبین وحی کی تعدادتقریباچالیس ہے، ۱۔حضرت ابوبکر صدیق  ۲۔حضرت عمر فاروق ۳۔حضرت عثمان غنی۴۔حضرت علی المرتضیٰ۵۔حضرت زید بن ثابت ۶۔حضرت امیر معاویہ۷۔حضرت ابی بن کعب ۸۔عبداللہ بن ابی سرح(مکہ میں پہلے قریشی کاتب وحی) ۹۔حضرت زبیر ۱۰۔حضرت عبداللہ بن ارقم رضی اللہ عنھم اجمعین
س:حدیث نبوی ﷺ کی تین اقسام : قولی حدیث ، فعلی حدیث اور تقریری حدیث کی تعریف کریں اور ہر ایک کی مثال بھی دیں ؟
ج: قولی حدیث : نبی مکرم ﷺ کے اقوال و  فرامین کو قولی حدیث کہا جاتا ہے ۔مثال: انما الاعمال بالنیات۔
فعلی حدیث: نبی مکرم ﷺ کے افعال واعمال کو فعلی حدیث کہا جاتاہے۔مثال: 1۔ نبی مکرم ﷺ جب گھر تشریف لے جاتے تو گھر والوں کو سلام کہتے۔
تقریری حدیث: ایسا کام جو نبی مکرم ﷺ کی موجودگی میں کیا گیا تو یا تو آپ ﷺ نے اس کی تعریف فرما دی ہو ، یا کم از کم اس کے کرنے سے منع نہ فرمایا ہو ، وہ تقریری حدیث کہلاتا ہے۔جیسے ایک صحابی نماز فجر کی جماعت کے بعد کھڑے ہو کر نماز پرہنے لگے تو آپ نے پوچھا اب کیا کرنے لگے ہو تو صحابی نے جواب دیا کہ میری پہلی دو سنتیں رہ گئیں تھیں ،وہ اب ادا کرنے لگا ہوں تو آپ ﷺ خاموش ہو گئے۔
س:خطبہ حجۃ الوداع میں نبی اکرم ﷺ نے جن باتوں کا حکم دیا ان میں سے ۵ کے نام لکھیں؟
1۔غلاموں کے حقوق،2۔قومیت اور برادری ازم  سے سختی سے منع فرمایا،3۔عورتوں کے حقوق،  4۔سود لینے دینے سے روکا، 5۔آپس کی لڑائی جھگڑے کی ممانعت، 6۔مال کی حرمت، 7۔جان کی حرمت،8۔عزت وآبرو کی حرمت، 9۔عزت کا معیار صرف اور صرف تقویٰ کو قرار دیا۔
س:قرآن مجید کی پانچ خصوصیات  / خوبیاں لکھیں؟
ج:1۔ قرآن کریم اللہ تعالیٰ کا کلام ہے ۔
2۔قرآن کریم ایک سچی کتاب ہے۔
3۔ قرآن کریم کی زبان ، زندہ اور انٹرنیشنل زبان ہے۔
4۔یہ ایک معجزانہ کتاب ہے ۔
5۔ یہ دنیا اور آخرت کی کامیابی کی ضامن کتاب ہے۔
س: پہلی وحی کہاں نازل ہوئی ، پہلی وحی کی آیات لکھیں اور بتائیں وہ کتنی آیات ہیں؟
ج:پہلی وحی غار حرا میں نازل ہوئی ، پہلی وحی کی آیات کی تعداد 5 ہے ، یہ سورۃ العلق کی پہلی آیات ہیں ، سورۃ العلق قرآن کے آخری پارے میں ہے۔
پہلی وحی: اقرا باسم ربک الذی  خلق O خلق الانسان من علق O اقرا و ربک الاکرم O الذی علم بالقلم O علم الانسان مالم یعلم O (سورۃ العلق: 1 تا 5 )
ترجمہ: پڑھ اپنے اس رب کے نام سے جو پیدا کرنے والا ہے O جس نے انسان کو جمے ہوئے خون سے تخلیق کیا O تو پڑھ  اور تیرا رب بہت زیادہ عزت والا ہے O جس نے قلم کے ذریعے علم سکھایا O جس نے انسانوں کو وہ کچھ سکھایا جو وہ نہیں جانتے تھے O
٭ نبی مکرم ﷺ نے وحی کی آمد کا تذکرہ سب سے پہلے اپنی زوجہ محترمہ حضرت خدیجۃ الکبریٰ سے کیا اور انہوں نے آپﷺ کو تسلی دی کہ اللہ تعالیٰ آپﷺ کو ضرور کامیاب کریں۔
س:قرآن مجید کی طویل ترین اور مختصر ترین سورت کون سی ہے؟
 ج:قرآن کریم کی طویل ترین سورۃ کا نام "سورۃ البقرۃ" ہے۔ اور مختصر ترین سورۃ کا نام " سورۃ الکوثر " ہے۔
س:قرآن مجید میں کتنے پارے ، سورتیں ، منازل ، رکوع اور آیات ہیں ؟
ج:پارے : 30 ، سورتیں : 114 ، منازل : 07  ،( رکوع: درست تعداد: 558 / مشہور تعداد: 540)،   آیات: درست تعداد: 6236/ مشہور تعداد: 6666
س: مکی اورمدنی سورتوں کی تعداد واضح کریں؟ اور مکی ومدنی سورتوں کی پانچ ، پانچ خصوصیات لکھیں؟
ج:مکی سورتوں کی تعداد: 86 ہے اور مدنی سورتوں کی تعداد 28 ہے۔
مکی سورتوں کی خصوصیات:
1۔ مکی سورتیں مختصر ہوتی ہیں۔
2۔ مکی سورتوں کی آیات بھی مختصر ہوتی ہیں ۔
3۔ مکی سورتوں میں عقائد کی اصلاح پر زیادہ توجہ دی گئی ہے ۔
4۔ مکی سورتوں کی زبان مشکل اور انداز شعری ہے ۔
5۔ مکی سورتوں میں " یا ایھا الناس " کے ساتھ خطاب کیا گیا ہے ۔
6۔ مکی سورتوں میں زیادہ تر مشرکین مکہ کو مخاطب کیا گیا ہے۔
مدنی سورتوں کی خصوصیات:
1۔ مدنی سورتیں طویل ہوتی ہیں۔
2۔ مدنی سورتوں کی آیات بھی طویل ہوتی ہیں۔
3۔ مدنی سورتوں کی زبان آسان اور سادہ ہے۔
4۔ مدنی سورتوں میں احکام ومسائل کی تعلیم دی گئی ہے۔
5۔ مدنی سورتوں میں " یا ایھا الذین اٰمنوا" کہ کر خطاب کیا گیاہے۔
6۔ مدنی سورتوں میں زیادہ تر اہل کتا ب کو مخاطب کیا گیا ہے۔
7۔ مدنی سورتوں میں جہاد کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
س: کس غزوہ کے بعد مدینہ میں لکھنے والوں کی تعدا د میں اضافہ ہو گیا
ج: غزوہ بدر کے بعد
س:صحیفہ ہمام بن منبہ کے مخطوطے کن شہروں میں موجود ہیں ؟
ج: ایک مخطوطہ "برلن" میں ہے جبکہ دوسرا مخطوطہ "دمشق" میں ہے۔

س: نبی مکرم ﷺ نے کس صحابی سے قرآن کریم کی تلاوت سنانے کی فرمائش کی ؟
ج: حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے
س:صحاح ستہ اور اصول اربعہ س کیا مراد ہے ؟
ج: صحا ح ستہ سے مراد حدیث کی مستند ترین چھ کتابیں ہیں ۔
اصول اربعہ سے مراد اہل تشیع کی چار بنیادی کتا بیں ہیں۔
س: صحاح ستہ کی کتب اور ان کے مولفین کے نام لکھیں؟ (پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی کتاب کا صفحہ : 67)
س: اصول اربعہ کی کتب اور ان کے مولفین کے نام لکھیں؟(پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی کتاب کا صفحہ : 67)
س:صحابہ کرام کے صحیفوں کے نام  اورجمع کرنے والو ں کے نام لکھیں ؟
ج:1۔ صحیفہ صادقہ : حضرت عبد اللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ ۔
2۔حضرت علی المرتضیٰ کا صحیفہ: اس میں احکام ومسائل درج تھے۔
3۔حضرت ابو ہریرہ کا صحیفہ ، اس کو صحیفہ ہمام بن منبہ " بھی کہا جاتا ہے۔  حضرت ہمام بن منبہ ، حضرت ابو ہریرہ کے شاگرد تھے۔
س: حضرت عمر بن عبدالعزیز کون تھے ، ان کادور کہا ں سے شروع ہوتا ہے ؟ ان کے دور میں حدیث کی کون کون سی کتب ، کس کس نے جمع کیں ؟
ج:حضرت عمر بن عبدالعزیز مسلمانوں کےخلیفہ/ حکمران تھے ، ان کا دور خلافت 99ھ سے شروع ہوتاہے۔
ان کے دور خلافت یعنی تدوین حدیث کے دور ثانی میں :
-مدینہ میں امام زہری نے احادیث کتابی شکل میں لکھیں
-کوفہ میں امام شعبی نے احادیث کتابی شکل میں جمع کیں
-شام  میں امام مکحول نے احادیث قلم بند کیں
-امام ابو حنیفہ کی کتاب "الآثآر " ،               امام مالک کی کتاب "الموطا"   اور               امام سفیان ثوری کی کتاب "جامع" معرض وجود میں آئی۔
س:حدیث قدسی سے کیا مراد ہے ؟
ج: وہ حدیث جس کی سند  اللہ تعالٰی تک پہنچتی ہو ، اوراس میں نبی اکرم ﷺ قرآن مجید کے علاوہ اللہ تعالیٰ کا پیغام اپنے الفاظ میں یا اللہ تعالیٰ کے ہی الفاظ میں بیان کریں۔
س: قرآنی آیات اور احادیث کی ترجمہ۔
ج:

کثیر الانتخابی سوالات : دس نمبر
مختصر سوالات [چھ ، چھ] : چوبیس نمبر
تفصیلی سوالات ، دو : سولہ نمبر
کل نمبر : پچاس

No comments:

Post a Comment